حیدرآباد، 17 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حیدرآباد کے چلکالگڑا میں مبینہ طور پر شوہر کے تشدد سے تنگ آکر ایک خاتون نے پہلے اپنے بچوں کو زہر پلایا اور پھر خودکشی کرلی۔پولیس نے مرنے والی کی شناخت 28 سالہ انجلی کے طور پرکی ہے،وہ ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر تھی،اس کے بچوں کی شناخت 8 سالہ امرت اور 10 سالہ انیرودھ کے طور پر ہوئی ہے۔اس معاملے کی تحقیقات کر رہے پولیس افسر ورن کانت ریڈی نے بتایا کہ انجلی کا شوہر 35 سالہ پرساد شرابی ہے،وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال نہیں کرتا تھا اور نہ ہی خاندان کا گھر خرچ چلاتا تھا،خاندان کی پوری ذمہ داری انجلی کے کندھوں پر تھی،اس کے علاوہ پرساد اپنی بیوی انجلی سے پیسہ لینے کے لئے اسے ہراساں بھی کیا کرتا تھا۔حیدرآباد کے بیگم پیٹ خواتین تھانہ میں پرساد کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے۔ریڈی نے بتایا کہ منگل کو پولیس اسٹیشن میں دونوں کی صلح ہونی تھی، لیکن انجلی نہیں پہنچی۔اس کے بعد اسے کال کیا گیا، تو اس نے بتایا کہ وہ اسکول میں ہے،لہذا منگل کو نہیں آ سکتی ہیں،اگرچہ اس دن انجلی اسکول بھی نہیں گئی تھی۔بتایا جا رہا ہے کہ انجلی نے پہلے اپنے دونوں بچوں کو زہریلا مادہ پلا دیا اور پھر خود بھی پی لیا۔انجلی کے بیٹے انیرودھ نے زہریلا مادہ پینے کے بعد الٹی شروع کر دی اور مدد کے لئے گھر سے باہر سیڑھیوں سے نیچے آیا،اس کے بعد مدد کے لئے پڑوسی ان کے گھر پہنچے اور پھر تینوں کو اسپتال پہنچایا گیا، جہاں انجلی کو مردہ قرار دے دیا گیا،فی الحال انیرودھ خطرے سے باہر ہے اور امرت زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔انجلی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے،ساتھ ہی مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔